چنیوٹ میں فری میڈیکل کیمپس جاری رکھنے کا اعلان
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ہزاروں مستحق خواتین میں سوٹ بھی تقسیم کیے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چنیوٹ کے مضافاتی علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ طبی سہولیات سے محروم غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے سلہوتراں والا میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں نہ بڑے ہسپتال موجود ہیں اور نہ ہی میڈیکل کالجز، جبکہ قریبی شہروں تک رسائی بھی عام شہریوں کے لیے مشکل ہے ، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث مختلف بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہر ماہ ایک یا دو مرتبہ فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔ معاشی استحکام کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے ہزاروں مستحق خواتین میں سوٹ بھی تقسیم کیے ۔