مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نئے سرے سے مقرر
ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ،مشاورت سے قیمتوں کا تعین کیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نئے سرے سے مقرر کر دیں۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قیمتوں کا تعین کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے اور 10 کلو کا تھیلا 905 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ دالوں میں دال چنا (باریک) 190 روپے ، دال چنا (موٹی) 205 روپے ، دال مسور (موٹی) 207 روپے ، دال مونگ دھلی 334 روپے ، دال ماش دھلی 410 روپے اور دال ماش (بغیر دھلی) 352 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔اسی طرح سفید چنا (موٹا) 272 روپے ، سفید چنا (باریک) 210 روپے ، سیاہ چنا (موٹا) 200 روپے اور سیاہ چنا (باریک) 188 روپے فی کلو فروخت ہوگا۔ چاول کائنات (پرانی) 320 روپے ، کائنات (نئی) 292 روپے اور چاول (اِری) 110 روپے فی کلو جبکہ بیسن 205 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے ۔ڈیری اور گوشت کی قیمتوں کے مطابق فیصل آباد سٹی میں دودھ 170 روپے فی لیٹر اور دہی 180 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ دیگر تحصیلوں میں دودھ 160 روپے اور دہی 170 روپے فی کلو ہوگا۔ سٹی میں چھوٹا گوشت 1800 روپے اور بڑا گوشت 900 روپے فی کلو جبکہ دیگر تحصیلوں میں چھوٹا گوشت 1700 روپے اور بڑا گوشت 800 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔مزید برآں 100 گرام تندوری روٹی 14 روپے ، خمیری روٹی 17 روپے ، 120 گرام سادہ نان 18 روپے ، روغنی نان 45 روپے اور برف 7 روپے فی کلو دستیاب ہوگی۔