ڈویژنل انتظامیہ کی زیرِ نگرانی پلانٹیشن فار جنریشنز مہم کا آغاز
اہم عوامی مقامات اور شاہراہوں پر ایک ماہ میں ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیرِ نگرانی پلانٹیشن فار جنریشنز مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ مہم کے دوران چاردیواری کے اندر دستیاب جگہوں سمیت اہم عوامی مقامات اور شاہراہوں پر ایک ماہ میں کم از کم پانچ فٹ سائز کے ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کمشنر کمپلیکس میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنر تنویر مرتضیٰ، صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ اور دیگر بھی موجود تھے ۔کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمشنر کمپلیکس میں 300 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ایف ڈی اے سٹی، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز، کالجز، اسکولز، نہروں کے اطراف، ہارٹیکلچر اتھارٹی، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور یونیورسٹیز کی جانب سے بھی مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے ۔کمشنر نے بتایا کہ عام شہری اور ادارے پلانٹ بینک سے پودے خریدنے اور عطیہ کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔