ٹو بہ ٹیک سنگھ میں انسدادِ ڈینگی اقدامات تیز کرنیکی ہدایت
بارشوں کا موسم ڈینگی مچھر کی افزائش کیلئے سازگار، محکمے الرٹ رہیں :عثمان طارق
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عثمان طارق کی زیر صدارت ضلع میں انسدادِ ڈینگی اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور بچوں کی ویکسی نیشن کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بارشوں کا موسم ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ہوتا ہے ، اس لیے تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں اور فیلڈ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی، لاروا کی بروقت تلفی اور سرویلنس کے عمل کو یقینی بنایا جائے جبکہ آگاہی مہم کو بھی تیز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گھروں اور کھلے مقامات پر کھڑا پانی ڈینگی کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے ، لہٰذا اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ عثمان طارق نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اجلاس میں ای پی آئی پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا اور بچوں کی سو فیصد ویکسی نیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔