پرائس کنٹرول، صفائی،ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس،سخت ہدایات
سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر محمود کی زیر صدارت ضلعی محکموں کے افسران کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ روز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔اجلاس میں ای بز پورٹل پر زیر التواء درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام درخواستوں کو مقررہ وقت میں نمٹایا جائے تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے ۔مزید برآں بیوٹیفکیشن اسکیموں پر جاری کام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ منصوبوں کو معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے ۔اجلاس میں ‘‘ستھرا پنجاب’’ صفائی آپریشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔