سدھار میں مہنگائی کے خلاف مزدوروں کی احتجاجی ریلی
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، نعرے بازی
پینسرہ (نمائندہ دنیا)چک نمبر 67 ج ب، سدھار، فیصل آباد میں پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے زیرِ اہتمام مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پاور لوم مزدوروں سمیت محنت کش طبقے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سیکٹر صدر شیخ نثار احمد، رانا ریاض، ملک ممتاز، شیخ خالد بھولا، رانا رضوان و دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی فیصلوں نے مہنگائی کا ایسا طوفان برپا کر دیا ہے جس نے غریب عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی میں خطرناک اضافہ ہوا ہے ، مزدور رہنماؤں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سستا تیل خریدنے کے بجائے مہنگا تیل خریدا جا رہا ہے ، اور اس کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے .انہوں نے فیسکو کی جانب سے بجلی کے میٹروں پر عائد کیے گئے فکس چارجز کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔