ورکرز اور ملازمین کی رجسٹریشن ومراعات کی ادائیگی کے احکامات

 ورکرز اور ملازمین کی رجسٹریشن ومراعات کی ادائیگی کے احکامات

مسائل کے فوری حل کیلئے ای او بی آئی کی ٹیمیں تشکیل ، دنیا نیوز کی خبرپرایکشن

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ڈی جی ای او بی آئی کی جانب سے بھر کی صنعتوں، ملز، انڈسٹریز اور دیگر پرائیویٹ یونٹس میں کام کرنے والے ورکرز اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں پنشن، میرج اور ڈیتھ گرانٹ سمیت دیگر الاؤنسز کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کے حوالے سے سخت احکامات جاری کر دیئے گئے اور ورکرز کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ای او بی آئی حکام کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں قائم پرائیویٹ انڈسٹریز، فیکٹریوں، ملز اور دیگر یونٹس میں کام کرنے والے ورکرز کو پنشن، میرج اور ڈیتھ گرانٹس سمیت مالی مراعات کی ادائیگی میں درپیش مسائل سے متعلق دنیا نیوز میں خبر نشر کی گئی تھی۔

جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد امین نے نوٹس لیتے ہوئے شہر بھر کے ورکرز کی رجسٹریشن اور واجبات کی ادائیگی فوری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نئے ورکرز کو سسٹم میں شامل کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے گئے ہیں تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین اپنے حقوق حاصل کر سکیں۔ اس سلسلے میں تینوں ریجنز کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ وزٹس کے ذریعے تمام انڈسٹریز میں 100 فیصد رجسٹریشن یقینی بنائیں اور ورکرز و مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کریں تاکہ دونوں فریق بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں