غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کیخلاف آپریشن، دفاتر سیل،ڈھانچے مسمار

غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کیخلاف آپریشن، دفاتر سیل،ڈھانچے مسمار

ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم کی نڑ والا روڈ پر چک نمبر 59 ج ب میںکارروائی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے نڑ والا روڈ پر ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار، دفتر کو سیل اور دفتری سامان کو قبضے میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ فاران صدیقی کی ہدایت پر انسپکٹرز اسلم انصاری، کلیم اللہ اور دیگر عملے پر مشتمل ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کی جانچ کی۔

اس دوران نڑ والا روڈ پر چک نمبر 59 ج ب کی اراضی پر غیر قانونی طور پر  گرینڈ سٹی  کے نام سے ہاؤسنگ سکیم قائم کی جا رہی تھی۔کارروائی کے دوران وہاں موجود تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ دفتر کو سیل کر کے سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ ڈیولپرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہاؤسنگ سکیم کے قیام کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔ بصورتِ دیگر مزید خلاف ورزی پر فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے ۔ایف ڈی اے انتظامیہ نے عوام الناس کو آگاہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں