کمشنر کا ایف آئی سی کا دورہ، ایمرجنسی بلاک کی جلد تکمیل کی ہدایت
مریضوں کو جدید و تیز رفتار طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :مسرت جبیں جھنگ اور چنیوٹ بازار کو بھی بیوٹیفائی کیاجا ئیگا:اجلاس کے دوران بات چیت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ایف آئی سی) کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں و لواحقین سے ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید اور تیز رفتار طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہسپتال کو درکار وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔
کمشنر نے مخیر گروپ کے زیر اہتمام 280 بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کا معائنہ کیا اور 55 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری 4 منزلہ ایمرجنسی بلاک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثنا کمشنر کی زیر صدارت بریفنگ اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس پر جاری عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے بتایا کہ 92 آئندہ مرحلے میں جھنگ بازار اور چنیوٹ بازار کو بھی کچہری بازار کی طرز پر بیوٹیفائی کیا جائے گا۔ کمشنر نے جھنگ بازار اور چنیوٹ بازار کی ڈیزائننگ کا کام بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ میگا پراجیکٹس فیصل آباد میں ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے ۔