سنی علما کونسل کے زیر اہتمام پاک فوج کے حق میں ریلی
پاک فوج ہماری سلامتی کی ضامن،پوری قوم ساتھ کھڑی :لطف اللہ
کمالیہ (نمائندہ دنیا )سنی علما کونسل کے زیر اہتمام افواجِ پاکستان کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کر کے پاک فوج سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کا آغاز جامعہ فاروقیہ مسجد سے ہوا جو گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت صوبائی صدر سنی علما کونسل مولانا لطف اللہ لدھیانوی نے کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری سلامتی اور بقاء کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔
اس موقع پر سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی ملک امجد یعقوب نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایسے حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر اپنی افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے ۔ شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد\" کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔