لینڈ ریکارڈ آفس میں کرپشن کی گونج اسمبلی تک پہنچ گئی

لینڈ ریکارڈ آفس میں کرپشن کی گونج اسمبلی تک پہنچ گئی

پی ٹی آئی رہنمارانا آفتاب کی تحریک التوا جمع، لنک ڈاؤن، بدانتظامی پر شدید ردعمل

پینسرہ(نمائندہ دنیا)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں مبینہ بے ضابطگیوں، کرپشن اور بدانتظامی کے خلاف آواز صوبائی اسمبلی تک پہنچ گئی، سینئر سیاستدان، سابق صوبائی وزیر اور رہنما تحریک انصاف رانا آفتاب خان نے اس اہم عوامی مسئلے پر تحریک التوا جمع کروا دی۔ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا آن لائن سسٹم ایل آر ایم آئی ایس اکثر اوقات 48، 48 گھنٹے تک بند رہتا ہے ، جسکے باعث شہری شدید ذہنی اور مالی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں شہری بھاری رقوم کی ادائیگی کے بعد جب رجسٹری دفاتر پہنچتے ہیں تو انہیں لنک ڈاؤن کا بہانہ بنا کر گھنٹوں بلکہ دنوں انتظار کروایا جاتا ہے ، جبکہ بعض اہلکار مبینہ طور پر رشوت لے کر کام فوری نمٹا دیتے رجسٹرار دفاتر میں عملہ تاخیر سے آتا اور قبل از وقت واپس چلا جاتا ہے ،جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے دفاتر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر بھی سخت تشویش کا اظہار کرتے کہا رجسٹری آفسز میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، واش رومز ناقابل استعمال ہیں اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک مسائل پربزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں بار بار نادرا دفاتر چکر لگانے پڑتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی کے معمول کے کام کو روک کر اس اہم مسئلے پر فوری بحث کی جائے کیونکہ یہ معاملہ نا صرف فیصل آباد بلکہ پورے پنجاب کے شہریوں کو متاثر کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں