والدین بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی نہ چلانے دیں :عامر محمود
موٹر سائیکل سوار او ررکشہ ڈرائیور ہیلمٹ کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں
رجانہ (نمائندہ دنیا)انچارج پٹرولنگ پولیس رجانہ سب انسپکٹر میاں عامر محمود نے کم عمر ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل نا صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے ڈرائیونگ مکمل طور پر غیر قانونی ہے اور بیشتر ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ ناتجربہ کاری اور قوانین سے لاعلمی ہے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے نابالغ بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہ دیں کیونکہ ایک لمحے کی غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔
میاں عامر محمود نے موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیور حضرات کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں کیونکہ ہیلمٹ حادثات کی صورت میں انسانی جان بچانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ مزید برآں انہوں نے دیگر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا، اوور اسپیڈنگ، ون ویلنگ، ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اور اوور لوڈنگ جیسے عوامل حادثات کی بڑی وجوہات ہیں جن سے ہر صورت بچنا چاہیے ۔پٹرولنگ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات فرائض انجام دے رہی ہے۔