ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کروڑوں کے منصوبے سست روی کا شکار

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کروڑوں کے منصوبے سست روی کا شکار

ترقیاتی کاموں کیلئے توڑپھوڑسے معمولاتِ زندگی متاثر ، کام کی رفتار تیز کرنیکامطالبہ

 ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کروڑوں کے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہو کر شہریوں اور تاجروں کے لیے دردِ سر بن گئے۔ شہر کے مصروف ترین تجارتی مراکز صدر بازار،کمیٹی بازار اور جھنگ روڈمارکیٹ ان دنوں شدید بدانتظامی اور تاخیر کا منظر پیش کر رہے ہیں ،جہاں جاری ترقیاتی کاموں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دئیے ہیں،صدر بازار میں جاری کھدائی اور اکھاڑ پچھاڑ کے باعث دکانوں تک رسائی نہایت مشکل ہو چکی ہے ، ٹوٹ پھوٹ، مٹی کے ڈھیر اور بند راستوں نے خریداروں کا آنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے ، جس سے تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر انہیں مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ گاہکوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی ہے ،حالیہ بارشوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ، صدر بازار اور کمیٹی بازار دلدل کا منظر پیش کرنے لگے ،جہاں کیچڑ اور پانی کھڑا ہونے سے بازاروں میں داخلہ تقریباً بند ہو چکا ہے ،شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بتاجر برادری کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو بازاروں کے منصوبے ایک ماہ میں مکمل ہو سکتے ہیں مگر افسوس کہ چھ ماہ کے باوجود کام مکمل نہیں ہو سکا ۔شہریوں اور تاجروں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں