12روپے سستاپٹرول اونٹ کے منہ میں زیرہ : محبوب الزماں

12روپے سستاپٹرول اونٹ کے منہ میں زیرہ : محبوب الزماں

حکومت نرخ کم از کم 150 روپے لٹرکم کرے تاکہ اشیائے ضروریہ سستی ہوسکیں

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،میاں طاہرایوب،شیخ افضال شاہین نے پٹرول کی قیمت میں 12روپے کمی کرنے کے حکومتی فیصلہ کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پٹرول کی قیمتوں میں کم از کم 150 روپے فی لیٹر کمی کرے تاکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے ضروریہ سستی ہوسکیں اور روزمرہ اخراجات میں واضح کمی آئے ۔ مہنگائی کے طوفان میں پہلے ہی پسے ہوئے عوام کیلئے یہ چند روپے کی کمی کسی طور پر مناسب نہیں۔ پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے ، اسلئے اس میں بڑی کمی ہی حقیقی ریلیف دے سکتی ہے۔

عوام اب نمائشی اقدامات نہیں بلکہ عملی اور ٹھوس فیصلے چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کو اپنی شاہ خرچیوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دینا ہوگا، ورنہ بڑھتی مہنگائی عوام کا جینا مزید مشکل بنا دے گی۔ انہوں نے کہاحکومت نے عوام پر ٹیکسز اور چارجز کا ناجائز بوجھ ڈالا ہوا ہے ، جس کو فی الفور ختم کیا جائے۔ حکومت نے فوری بڑے پیمانے پر کمی نہ کی تو عوام کا غم و غصہ سڑکوں پر نظر آئے گا۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوامی مشکلات کا حقیقی ادراک کرتے ہوئے فوری واضح فیصلے کریں ۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری آزادیوں کیلئے بڑی تحریک کا آغاز کرے گی، انشا اللہ ملک کو لٹیروں اور غاصبوں سے نجات دلائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں