منشیات معاشرے کا ناسور،خاتمے کیلئے کوششیں ناگزیر : آر پی او
انسدادِ منشیات کیلئے ہر فرد کا اداروں کیساتھ بھرپور تعاون انتہائی ضروری ہے :خطاب
ٹھیکریوالا،پینسرہ(نمائندگان دنیا)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکیھرا نے کہا ہے کہ منشیات معاشرے کا ناسور،خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں ،منشیات کے مکمل خاتمے کیلئے عوام،سول سوسائٹی،تعلیمی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون انتہائی ضروری ہے ان خیالات کا اظہار چک 241 رب چینچل سنگھ والا رانا منیر منج،رانا شبیر منج انکی رہائش گاہ پر منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سی ٹی او ناصر جاوید رانا،ڈی ایس پی صدر سرکل خدا بخش،ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ ثاقب ریاض مہیس،ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میڈم عظمت فردوس،ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر میاں صغیر سانول،چیف آرگنائزر ظفران سرور،رانا امان اللہ منج،رانا صغیر احمد منج ایڈووکیٹ،رانا باقر منج،سول سوسائٹی کے نمائندگان اساتذہ،طلبہ اور مقامی افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
آر پی او نے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، کیونکہ یہی نوجوان ملک کا مستقبل ہیں پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں جبکہ تعلیمی ادارے بھی طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مقررین نے منشیات کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے اسکے خاتمے کیلئے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا ۔آخر میں شرکانے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے۔