شکایات کے حل کی ہدایت، غفلت برداشت نہیں:ایم ڈی واسا
نکاسی آب، سیوریج لائنوں کی بندش پر فوری کارروائی کی جائے :سلمان شجاع
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلمان شجاع نے شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور ماتحت عملے کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ادارے کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پانی کی فراہمی، نکاسی آب، سیوریج لائنوں کی بندش اور دیگر شہری مسائل پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ شکایات کے اندراج کے بعد ان کے حل میں تاخیر ناقابل قبول ہے اور اس عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ضرورت ہے ۔سلمان شجاع نے ماتحت عملے کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، مسائل کا خود جائزہ لیں اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ایم ڈی واسا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکے ۔