گو جرہ :گیس سلنڈر دھماکہ، باپ بیٹا زخمی، حالت تشویشناک
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، علی اکبر اور بیٹا حسین شدید زخمی ہو ئے
گوجرہ (نمائندہ دنیا )ریلوے روڈ پر گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے ۔حبیب پارک گوجرہ کے علی اکبر مغل المعروف بندو نے ریلوے روڈ پر شہر موڑ کے قریب آکسیجن گیس سلنڈروں کی دکان بنا رکھی تھی، جہاں وہ اپنے بیٹے حسین رضا کے ہمراہ موجود تھے ۔ مبینہ طور پر گیس ری فلنگ کے دوران ایک سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں علی اکبر اور ان کا بیٹا حسین رضا شدید زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سٹی پولیس گوجرہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے ۔