سعودیہ پاک فوج کی تعیناتی قابلِ تحسین :جمعیت اہلحدیث

سعودیہ پاک فوج کی تعیناتی قابلِ تحسین :جمعیت اہلحدیث

فریقین جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئینگے ، کشیدگی کم ہو گی :عبدالرشید حجازی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی، حافظ مقصود احمد (سرپرست اعلیٰ مرکزیہ اسلام آباد) اور خالد محمود اعظم آبادی نے ہزاروں فوجیوں اور درجنوں لڑاکا طیاروں پر مشتمل پاک فوج کے دستوں کی سعودی ائیر بیس پر تعیناتی کو احسن اقدام قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور اہلِ پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاک فوج کے جوان سعودی عرب اور بالخصوص حرمین شریفین کے دفاع کی ذمہ داری سرانجام دیں گے ۔

ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں یہ اقدام خطے میں حالات کو قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ پاکستانی فوج کی سعودی عرب میں تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے سٹریٹجک دفاعی معاہدے کا حصہ ہے ، جس پر گزشتہ برس دستخط کیے گئے تھے ۔انہوں نے ایران امریکہ مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہو سکا، تاہم امید ہے کہ عالمی قوتیں انہیں کشیدگی اور خونریزی سے باز رکھنے کی کوشش جاری رکھیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پیش رفت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں