مکوآنہ میں واٹر پلانٹ کی بندش، شہریوں کو شدید مشکلات

مکوآنہ میں واٹر پلانٹ کی بندش، شہریوں کو شدید مشکلات

پلانٹ پر نہ تو کوئی آپریٹر موجود ہے ، نہ ہی نکاسی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے

مکوآنہ (نمائندہ دنیا )مکوآنہ میں عرصہ دراز سے بند واٹر پلانٹ کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر پلانٹ کو جلد از جلد فعال کر کے عوام کے لیے بحال کیا جائے تاکہ پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہو سکے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پلانٹ پر نہ تو کوئی آپریٹر موجود ہے ، نہ ہی نکاسی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ کیمیکل کی بھی عدم فراہمی ہے ۔

ان کے مطابق انتظامیہ صرف فوٹو سیشن تک محدود ہے ، عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔عوام نے کہا کہ صاف پانی بنیادی ضرورت ہے ، لیکن پلانٹ بند ہونے کے باعث انہیں دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑ رہا ہے ، جس سے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہو رہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور واٹر پلانٹ کی فوری بحالی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں