ٹھیکیدار ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا نادہندہ، سہولت بازار سیل: دھمکیوں اور ملی بھگت کے الزامات

ٹھیکیدار ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا نادہندہ، سہولت بازار سیل: دھمکیوں اور ملی بھگت کے الزامات

فیضان مدینہ سے ملحقہ سہولت بازار کا ٹھیکیدار نے اثر و رسوخ استعمال کرتے مدت ختم ہونے کے باوجود دوبارہ ٹھیکہ لیا، دفتر جا کر تلخ کلامی ،خاتون افسر کو دھمکیاں ،مکمل ادائیگی تک ڈی سیل نہیں ہو گا:عظمت فردوس

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن میں ناقص پالیسیوں اور مبینہ محکمانہ ملی بھگت کے باعث سرکاری خزانے کو نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے ، مدینہ ٹاؤن سوساں روڈ، فیضان مدینہ سے ملحقہ سہولت بازار کا ٹھیکیدار ایک کروڑ 58لاکھ 27ہزار 437روپے کا نادہندہ ہے ۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر میونسپل آفیسر ریگولیشن عظمت فردوس کی ہدایت پر بازار سیل کر دیا گیا۔ مذکورہ سہولت بازار کا ٹھیکہ2016 میں پانچ سالہ معاہدے کے تحت دیا گیا تھا، لیکن ٹھیکیدار نے مبینہ اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مدت ختم ہونے کے باوجود دوبارہ ٹھیکہ حاصل کر لیا۔

ماہانہ ٹھیکہ 5لاکھ 21 ہزار روپے ہے ، جبکہ مبینہ طور پر اس بازار سے ماہانہ آمدن 30 لاکھ روپے تک حاصل کی جا رہی ہے ، میونسپل آفیسر کی جانب سے نوٹسز کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر وارننگ دی گئی، جس پر ٹھیکیدار نے 10لاکھ روپے کا چیک دیا، تاہم صرف 5لاکھ روپے جمع کروائے گئے ۔ بار بار تاخیر پر رینٹ اور انفورسمنٹ عملے کو کارروائی کی ہدایت کی گئی، مگر مبینہ ملی بھگت کے باعث کارروائی میں رکاوٹ ڈالی جاتی رہی۔ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر دفتر آ کر تلخ کلامی کی اور خاتون افسر کو دھمکیاں دیں، تاہم عظمت فردوس نے واضح کیا کہ مکمل ادائیگی تک بازار ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔معاملے میں ہیڈ کلرک سجاد عباس، رینٹ انسپکٹر نیاز حسین اور سابق انفورسمنٹ انسپکٹر ارشاد حسین کی مبینہ معاونت بھی سامنے آئی ہے ، جو ماضی میں بھی انکوائری کی زد میں آ چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں