جی سی ویمن یونیورسٹی،کتاب دوستی کے فروغ کیلئے واک و آگاہی سیشن
مہمان خصوصی شاعر، مصور اور انٹرپرینیور عدنان بیگ تھے ،مطالعہ پر زور دیا گیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ورلڈ بک ڈے کے موقع پر لرننگ ریسورس سنٹر اور سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کے اشتراک سے آگاہی واک اور معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی شاعر، مصور اور انٹرپرینیور عدنان بیگ تھے جبکہ رانا محمد عابد اور لائبریرین مصباح بشیر نے پروگرام کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔عدنان بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور کتاب بینی ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور کتابیں انسان کے شعور، فکر اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مطالعہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔کنوینئر لائبریری ڈاکٹر صائمہ نے کہا کہ مطالعہ ذہنی نشوونما اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے ، جبکہ اس نوعیت کی سرگرمیاں طلبہ کو علم و تحقیق کی جانب راغب کرتی ہیں۔ رانا محمد عابد نے کہا کہ شخصیت سازی کے لیے کتاب بینی ناگزیر ہے ۔لائبریرین مصباح بشیر نے لائبریری کو علم کا مرکز قرار دیتے ہوئے طالبات کو مطالعہ کی عادت اپنانے کی ترغیب دی۔ تقریب کا مقصد طالبات میں کتاب دوستی کو فروغ دینا اور مطالعہ کے رجحان کو بڑھانا تھا، جس میں طالبات اور فیکلٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔