مون سون سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا حکم
بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے اقدامات ضروری : ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واسا کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم ڈی واسا نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور شہر کے مختلف پاؤنڈنگ ایریاز میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران شہر بھر میں جاری ڈی سلٹنگ آپریشن کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پی ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ انہیں مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔