کمشنر مسرت جبیں کا ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد کا اچانک دورہ
مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد کا اچانک دورہ کیا، جس سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی لاعلم رہے ۔دورے کے دوران کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کی جانب سے معائنہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جس پر مریضوں نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، مشینری کی فعالیت، ادویات کے سٹاک اور ڈاکٹرز کی حاضری بھی چیک کی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عام مریضوں تک پہنچانے کے لیے اچانک انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔