جھنگ روڈ کے اطراف اتائیت، سیل شدہ کلینکس دوبارہ فعال

جھنگ روڈ کے اطراف اتائیت، سیل شدہ کلینکس دوبارہ فعال

غیر قانونی کلینکس، لیبارٹریز اور ڈینٹل سینٹرز کھلے عام کام کر رہے ہیں

پینسرہ (نمائندہ دنیا ) جھنگ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اتائیت کا دھندہ بے لگام ہو گیا ہے ، جہاں درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں جعلی ڈاکٹر مبینہ طور پر انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ سے پینسرا تک غیر قانونی کلینکس، لیبارٹریز اور ڈینٹل سینٹرز کھلے عام کام کر رہے ہیں، جبکہ سدھار اور دھاندرہ سمیت مختلف علاقوں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ قبرستان روڈ، داتا نگری، امام بارگاہ چوک، شیرو والا چوک، ملاں پور روڈ، بیس لائن، دھپ سڑی، اڈا سدھار اور 65 روڈ سمیت متعدد مقامات پراتائی کلینکس کی بھرمار ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ دھاندرہ کے بیس لائن مین بازار، 64 ج ب روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی جعلی کلینکس مسلسل فعال ہیں۔ ذرائع کے مطابق اتائیوں نے سوشل میڈیا گروپس بنا رکھے ہیں، اور محکمہ صحت یا ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیموں کی آمد سے قبل ہی ایک دوسرے کو اطلاع دے کر کلینکس بند کر دیتے ہیں، جبکہ ٹیموں کے جانے کے بعد دوبارہ کاروبار شروع کر دیا جاتا ہے ۔یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ متعدد سیل شدہ کلینکس کی سیل توڑ کر دوبارہ کام شروع کر دیا جاتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں