پاکستان میں ایران، امریکا کی کوئی میٹنگ طے نہیں: ایرانی وزارت خارجہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی کوئی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، اس دورے میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوگی جس میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی سے متعلق امور پر بات ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی مسلط جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور پر بھی بات ہوگی، اس دورے میں ایران اور امریکا کے درمیان کوئی میٹنگ طے نہیں ہے، پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں ایران اپنے مشاہدات پاکستان کو فراہم کرے گا۔
اس قبل ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی مذاکرات کی درخواست کا امریکی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ سے براہ راست مذاکرات کی درخواست جھوٹ ہے، امریکا کی زیادتیوں کے باعث واشنگٹن سے مذاکرات کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکہ سے خود رابطہ کیا اور ملاقات کی درخواست کی، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر آج مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ ہوں گے جبکہ جے ڈی وینس امریکا میں رہ کر صورتحال پر نظر رکھیں گے۔