قوم کی یکجہتی نے دشمن کی صفوں میں دراڑ ڈال دی: مجتبیٰ خامنہ ای
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ قوم کی یکجہتی نے دشمن کی صفوں میں دراڑ ڈال دی۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ایکس پر بیان میں کہا کہ قومی اتحاد دشمن کو مزید کمزور اور بے حال کر دے گا، دشمن کا میڈیا عوام کے ذہنوں کو نشانہ بنا کر قومی یکجہتی اور سلامتی کو کمزور کرنا چاہتا ہے، اس مذموم مقصد کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کے بیان سے پہلے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایرانی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں مگر ہوش میں ہیں۔
امریکی اخبار نے سینئر ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای تاحال طبی ٹیم کی نگرانی میں ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای تک پیغامات ہاتھ سے لکھ کر قاصدوں کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا تھا کہ ایران کا نظم و نسق اب فوجی جنرل چلا رہے ہیں، کچھ ہی افراد کو سپریم لیڈر تک رسائی حاصل ہے، فیصلوں کی توثیق سپریم لیڈر خود کرتے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کو ایرانی عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ اسرائیلی یا امریکی نگرانی سے بچنے کے لئے اعلیٰ حکام سپریم لیڈر کے قریب نہیں جا رہے ہیں، پیغام رسانی کے لئے غیر روایتی مگر محفوظ طریقے استعمال کئے جا رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای ایک پراسرار شخصیت بن چکے ہیں جو مارچ میں تقرری کے بعد سے نہ عوام کے سامنے آئے ہیں اور نہ ہی ان کی آواز سنی گئی ہے۔