جڑانوالہ میں پہلی خاتون ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تعینات

جڑانوالہ میں پہلی خاتون ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تعینات

جاری صحت پروگرامز کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا یا جائے گا : ڈاکٹر صومیہ

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)محکمہ صحت کے لیے ایک اہم اور تاریخی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب ڈاکٹر صومیہ جمیل نے بطور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر فرائض کی انجام دہی شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر صومیہ جمیل جڑانوالہ کی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جنہیں اس اہم انتظامی عہدے پر تعینات کیا گیا ہے ۔ ان کی تقرری کو خواتین کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ صحت میں بہتری کی نئی امیدیں بھی وابستہ کی جا رہی ہیں۔چارج سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر صومیہ جمیل نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، بنیادی مراکز صحت کی بہتری اور جاری صحت پروگرامز کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اتائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ اتائیت انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں