کمشنرمسرت جبیں کا چنیوٹ کا پہلا دورہ،منصوبوں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ترقیاتی منصوبوں، ریونیو اہداف پر بریفنگ دی
فیصل آباد،چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نیوز رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چنیوٹ کا پہلا دورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جبکہ صفائی، ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن اور صحت سہولیات کے مختلف منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ترقیاتی منصوبوں، ریونیو اہداف، بیوٹیفکیشن اور دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے ، اربن کے ساتھ رورل ایریاز پر خصوصی توجہ دی جائے ، سٹاف حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی زمینی حقائق کے مطابق یقینی بنائی جائے۔انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت تقسیم کے کیسز، ریکوریز، عوامی مسائل کے فوری حل، فلٹریشن پلانٹس کے سروے ، سرکاری اراضی کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔
کمشنر مسرت جبیں نے سرگودھا روڈ پر قبرستان کی بیرونی دیوار پر بنائی گئی آبشار کا افتتاح کیا اور گرین ایریا میں پودا بھی لگایا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹی فکیشن پراجیکٹس کے تحت فرنیچر مارکیٹ میں جاری منصوبوں کا معائنہ کیا ۔بعدازاں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، ڈائیلاسز وارڈ، ایمرجنسی، تھیلاسیمیا سنٹر اور نئی عمارت کا دورہ کیا، طبی انتظامات، صفائی، ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹرز کی حاضری چیک کی۔انہوں نے جھمرہ روڈ پر زیر تعمیر 125 بیڈز ہسپتال، ڈسٹرکٹ کمپلیکس، قائداعظم پارک اور چنیوٹ فیصل آباد روڈ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا ۔