میونسپل کارپوریشن میں مبینہ کروڑوں کی کرپشن کی انکوائری 3 سال سے التوا کا شکار

 میونسپل کارپوریشن میں مبینہ کروڑوں کی کرپشن کی انکوائری  3 سال سے التوا کا شکار

سینئر کلرک ارشاد حسین اور جونیئر کلرک عرفان اقبال پر ٹھیکیدار کو غیر قانونی سہولیات دیکر خزانے کو 1کروڑ 51لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ، ادارہ جاتی کنفیوژن سے کیس التوا کا شکار

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن میں کروڑوں کی مبینہ کرپشن، سنگین بدانتظامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق انکوائری تین سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکی، کلیم شہید بازار اور سہولت بازار غلام محمد آباد سے متعلق 2023 کے ایک کیس میں سینئر کلرک ارشاد حسین اور جونیئر کلرک عرفان اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹھیکیدار کو غیر قانونی سہولیات فراہم کر کے خزانے کو 1 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ 10 جون 2023 کو انکوائری شروع کی گئی اور تحسین خالد کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا۔مذکورہ انکوائری تقریباً ایک سال تک التوا کا شکار رہی، بعد ازاں اسے میونسپل آفیسر فنانس اویس بن مالک کو منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی کوئی حتمی رپورٹ پیش نہ کر سکے۔

الزام ہے کہ متعلقہ اہلکاروں نے مالی مفادات کے تحت بازار کو سیل نہیں کیا اور واجبات کی وصولی میں بھی غفلت برتی گئی،انکوائری کی تاخیر کو بھی مبینہ طور پر ملز موں کو فائدہ دینے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب میونسپل آفیسر سروسز تحسین خالد نے مؤقف دیا انکوائری ان کے دائرہ اختیار میں نہیں تھی ۔ میونسپل آفیسر فنانس اویس بن مالک نے کہا کہ انکوائری ان کے پاس نہیں بلکہ پلاننگ برانچ کے پاس ہے ۔ تاہم میونسپل آفیسر پلاننگ شیریں نیوٹن نے انکوائری سے لاعلمی ظاہر کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کے موجودہ ٹھکانے کے حوالے سے ادارہ جاتی کنفیوژن اور مبینہ غفلت کے باعث کیس مسلسل التوا کا شکار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں