دو گاڑیوں سے 1424 کلو مردہ مرغیاں برآمد کر کے تلف

 دو گاڑیوں سے 1424 کلو مردہ مرغیاں برآمد کر کے تلف

فوڈاتھارٹی کے مونگی بنگلہ روڈ اور اڈہ بشیرآباد کے قریب کارروائیاں ، 5 ملزم گرفتار

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی زیر قیادت ٹیموں نے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت خوراک کی ترسیل ناکام بنا دی جبکہ معروف واٹر پلانٹ کو سیل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں مونگی بنگلہ روڈ اور اڈہ بشیرآباد کے قریب دو گاڑیوں سے مجموعی طور پر 1424 کلو گرام مردہ مرغیاں برآمد کر کے تلف کر دی گئیں، پہلی کارروائی میں 1015 کلو جبکہ دوسری میں 409 کلو ناقص اور بدبودار مرغیاں پکڑی گئیں، جسے ویٹرنری معائنے کے بعد انسانی استعمال کے لیے مکمل طور پر غیر موزوں قرار دیا گیا۔

حکام کے مطابق گوشت سے شدید تعفن اٹھ رہا تھا اور اس کی رنگت بھی تبدیل ہو چکی تھی،کارروائی کے دوران دونوں گاڑیاں اور کٹر قبضے میں لے لیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 5 ملزموں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ،دوسری جانب چیچہ وطنی روڈ پر واقع ایک معروف واٹر پلانٹ پر چھاپہ مار کر 3650 لٹر سے زائد ناقص پانی، 3450 خالی بوتلیں، جعلی لیبل اور ڈھکن ضبط کر لیے گئے ، پانی کی بوتلوں کو بغیر منظور شدہ لیبل کے پیک کیا جا رہا تھا جبکہ لیبل پر غلط تاریخ اجراء درج تھی،مزید برآں پلانٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے ، حشرات کی بھرمار تھی اور ان کی روک تھام کے لیے کوئی مؤثر اقدامات موجود نہیں تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں