پاک فوج وطن عزیز کی حفاظت کی ضامن :پیر فیض رسول
معرکہ حق میں ہمارے بہادر سپوتوں نے دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پاک فوج ہمارے وطن کی حفاظت کی ضامن ہے ،ہمارے نڈر اور بہادر سپوت اس ملت کے ماتھے کا جھومر ہیں۔گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان رونما ہونے والی جنگ کو ایک سال مکمل ہونے پر تحریک اہلسنت پاک فوج کے بہادر سپاہیوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان صاحبزادہ پیرقاضی فیض رسول حیدر رضوی چیئرمین تحریک اہلسنت نے مرکزی سنی رضوی جامع مسجد جھنگ بازار تا چوک گھنٹہ گھر فیصل آباد تک معرکہ حق بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا یہ وہ معرکہ تھا جس میں پاک فوج نے اپنی بے مثال بہادری، پیشہ وارانہ مہارت اور لازوال کامیابیوں سے ملکی دفاع کا تاریخی اعزاز قائم رکھا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیاجبکہ غازیوں نے دشمن کو للکار کر قوم کے دل میں نیا جوش و خروش پیدا کیا۔ معرکہ بنیان مرصو ص کے دوران پاک فوج نے جو دفاعی لائن قائم کی، اس نے ملک کے اندر اور باہر دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پوری قوم اپنے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔