حکومت مزدوروں کی مقررہ اجرت یقینی بنائے : رشید حجازی
مزدوروں کا استحصال اسلامی تعلیمات کیخلاف:قاضی ریاض ،خالد محمود ،ظفر معراج
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی ، قاضی ریاض قدیر ، خالد محمود اعظم آبادی ، ظفر معراج ، میاں ضیا اللہ ، میاں امان اللہ ، قاری سلمان ، احسان الحق و دیگر نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک معیشت کو بہتر بنانے اور پاکستان کی تعمیر وترقی میں مزدور نے بہترین کردار ادا کیا ہے ۔ اپنے خون و پسینے کو بہا کر محنت و مشقت کرنے والے عظیم انسان ہے ۔مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود کے بغیر معاشی ممکن نہیں ، افسوس کہ آج نام نہاد لیڈر مزدوروں کے عالمی دن کے نام پر عیش وعشرت کر رہے ہیں جبکہ مزدور گھر والوں کی ضروریات زندگی اور دو وقت کی روٹی کیلئے خوار ہور ہے ہیں۔
علامہ عبدالرشید حجازی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تعمیر و ترقی سمیت ہر شعبے میں مزدور طبقہ نے بہترین کردار ادا کیا ہے اورنا صرف اپنا پسینہ بلکہ خون تک بہایا ہے مگر افسوس کہ آج اس طبقہ کے ساتھ نا انصافی عروج پر ہے ۔ مزدوروں کا استحصال اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے ۔ اسلام تو مزدوروں کے ساتھ بہترین سلوک اور مزدور کو ان کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ آج ہر طبقہ کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب اپنے اپنے ماتحت کام کرنے والے تمام افراد کے ساتھ بہترین سلوک اور ان کو پورا پورا معاوضہ ادا کرینگے اور مقرر ہ اجرت کو بروقت اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی سستی و کوتاہی نہیں کرینگے ۔ حکومت یکم مئی کو چھٹی کرنے کی بجائے مزدوروں کی مقررہ اجرت کو بروقت اور یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے تو بہتر ہوگا۔