آرٹس کونسل فیصل آباد ڈویژن کی منفرد تخلیقی سرگرمی کا آغاز

 آرٹس کونسل فیصل آباد ڈویژن کی منفرد تخلیقی سرگرمی کا آغاز

پینٹنگز، ٹیبلوز اور تقریری مقابلے ہونگے ،نمایاں کارکردگی پر انعامات دیئے جائینگے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام ایک منفرد اور تخلیقی سرگرمی کا آغاز کر دیا گیا جس کا مقصد نوجوان نسل میں فنونِ لطیفہ کے فروغ اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے ۔اس سلسلے میں \\\"ہم مائیں ہم بہنیں، ہم بیٹیاں قوموں کی عزت ہم سے ہے \\\"کے عنوان سے پینٹنگز، ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور آرٹس سے وابستہ طلبہ بھرپور شرکت کر سکیں گے ۔ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور انہیں مثبت و تخلیقی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم نا صرف فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے گا بلکہ قومی و ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔ پینٹنگز مقابلے میں پہلی پوزیشن کیلئے 50 ہزار، دوسری پوزیشن کیلئے 30ہزار تیسری پوزیشن کیلئے 20 ہزار،ٹیبلو اور تقریری مقابلوں میں پہلی پوزیشن کیلئے 30 ہزار، دوسری کیلئے 25 ہزاراور تیسری کیلئے 20 ہزار انعام رکھا گیا ہے ۔مقابلہ مصوری 14 مئی کو صبح 9 بجے ہو گا، ٹیبلوز کے مقابلے 15 مئی اور تقریروں کے مقابلے 16 مئی کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن میں ہونگے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں