ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن ، درآمدی مال استعمال کی مدت 18 ماہ

ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن ، درآمدی مال استعمال کی مدت 18 ماہ

ایس آر او 19 مارچ سے نافذ العمل ہو چکا ہے :چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزمینٹ

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت نئے جاری ہونے والے ایس آر او کے مطابق ایکسپورٹرز کے لیے درآمدی مال کے استعمال کی مدت 9 ماہ سے بڑھا کر 18 ماہ کر دی گئی ہے ۔یہ بات چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزمینٹ پنجاب نوید الٰہی نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن میں منعقدہ خصوصی آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایس آر او 19 مارچ سے نافذ العمل ہو چکا ہے ، اور جن درآمد کنندگان نے اس سکیم کے تحت پہلے ہی مال درآمد کر رکھا ہے انہیں خودکار طور پر اس توسیع کا فائدہ حاصل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت درآمدی مال کی برآمد کی صورت میں ریئل ٹائم بنیادوں پر اس کی ایڈجسٹمنٹ ہو گی۔چیف کلیکٹر نے واضح کیا کہ اگر 18 ماہ سے زائد توسیع درکار ہو تو اس کے لیے بورڈ سے پیشگی منظوری لینا لازمی ہو گی۔اس موقع پر کلیکٹر کسٹمز اپریزمینٹ فیصل آباد ڈاکٹر رضوان بشارت نے کہا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر وہی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو کراچی میں دستیاب ہیں، لہٰذا مقامی برآمد کنندگان کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں