ماموں کانجن:خاتون کو سسرالی تشدد،قتل کی دھمکیاں
درخواست دینے کے باوجود پولیس مبینہ طور پر کارروائی سے گریز کر رہی :صباء کنول
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا )نواحی گاؤں 493 گ ب اوڑانوالہ کی رہائشی صباء کنول نے مبینہ سسرالی تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف وزیراعلیٰ سے تحفظ کی اپیل کر دی ۔صبا اور ان کی والدہ صائمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صباء کی شادی دو سال قبل حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی عقیل رسول سے ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے ہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی۔ ان کے مطابق شادی کے بعد شوہر کی جانب سے آئے روز تشدد کیا جانے لگا جبکہ سسر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویے اور تعلقات قائم کرنے کی کوشش بھی کی گئی، جس پر وہ اپنی بچی کے ہمراہ میکے آ گئیں۔خاتون کے مطابق اب اس کے شوہر کی جانب سے اسلحہ لہراتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہے جس میں اسے اور اس کے پورے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔صباء کنول نے الزام عائد کیا کہ مقامی تھانے میں درخواست دینے کے باوجود پولیس مبینہ طور پر کارروائی سے گریز کر رہی ہے اور مالی مطالبات کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے انصاف نہیں مل رہا۔اس موقع پر صباء کی والدہ نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لے کر بیٹی اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب تفتیشی افسر نے پولیس پر لگائے الزامات کو من گھڑت قرار دیا ہے جبکہ ملزم عقیل رسول اور اس کے والد غلام رسول سے رابطہ نہیں ہو سکا۔