موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے کلائمٹ سمارٹ ایگریکلچر ناگزیر
ریجنل ایگریکلچر فورم کا اجلاس ، زرعی شعبے کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ریجنل ایگریکلچر فورم برائے سنٹرل پنجاب کے کنوینر اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ریجنل ایگریکلچر فورم (سنٹرل پنجاب) کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد زرعی شعبے کو درپیش مسائل کی نشاندہی، ان کے ترجیحی بنیادوں پر حل تجویز کرنا اور تحقیقی موضوعات کا تعین کرنا تھا تاکہ اینڈومنٹ فنڈ سیکریٹریٹ کی آئندہ تحقیقی فنڈنگ کے لیے رہنمائی فراہم کی جا سکے ۔اجلاس میں گندم، کپاس، لائیو اسٹاک، زرعی مشینری، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر زرعی مسائل کو ترجیح دی گئی تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ کلائمٹ اسمارٹ ایگریکلچر اب صرف ایک آپشن نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ زرعی چیلنجز کے تناظر میں ٹھوس تحقیق اور عملی حل سامنے لانا ہوں گے تاکہ مسائل کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کلائمٹ ریزیلینٹ ایگریکلچر پر توجہ بڑھانا اور جدید ٹیکنالوجی کسانوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات زرعی شعبے کے لیے شدید خطرہ بنتے جا رہے ہیں جو غذائی عدم تحفظ کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے ۔