ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت
عمر عباس نے زیرِ تعمیر اسپیشل ایجوکیشن سکول، سپورٹس جمنازیم ، پیرا آفس کا معائنہ کیا
پیرمحل (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد زاہد اقبال کے ہمراہ پیرمحل کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ تعمیر اسپیشل ایجوکیشن سکول، سپورٹس جمنازیم اور پیرا آفس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہسپتال لاری اڈا سمیت مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج پیرمحل کے گراؤنڈ کی بحالی کے کاموں اور مرکزی قبرستان میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔دورے کے دوران انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پیرمحل کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے وارڈز، ادویات کے اسٹاک، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ پیرمحل میں جاری بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔