پاکستان انڈونیشیا میں تعلیمی و زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان انڈونیشیا میں تعلیمی و زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی انڈونیشیا کے منسٹر قونصلر سے ملاقات

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان میں انڈونیشیا کے منسٹر قونصلر رحمت ہندیارتا کسوما نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں زراعت، تعلیم، تحقیق اور حلال گوشت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رحمت ہندیارتا کسوما نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے تعلیمی تعاون اور تبادلہ پروگراموں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات زرعی معیشتوں کے

درمیان ایک اسٹریٹجک اتحاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انڈونیشیا کے ممتاز اداروں، خصوصاً انسٹیٹیوٹ پرتانیان بوگور یونیورسٹی کے ساتھ باضابطہ معاہدوں کے ذریعے علم و تحقیق کا مسلسل تبادلہ جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی بی یونیورسٹی، یونیورسٹی گجا مادا، یونیورسٹی براویجایا، یونیورسٹی پجادجاران، یونیورسٹی نہضۃ العلماء یوگیاکارتا، یونیورسٹی حسن الدین، یونیورسٹی سیبیلس ماریٹ اور یونیورسٹی انڈونیشیا کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں