کھلے مین ہولز اور ڈرینز فوری بند کرنے کے احکامات جاری

 کھلے مین ہولز اور ڈرینز فوری بند کرنے کے احکامات جاری

شہریوں کے تحفظ اور نکاسی آب کے نظام کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا جائزہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت شہر بھر میں مین ہولز اور ڈرینز کو کور کرنے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے تحفظ اور نکاسی آب کے نظام کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد، واسا فیصل آباد، ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہر بھر میں مین ہولز اور ڈرینز کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے تمام کھلے مین ہولز اور ڈرینز کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے تمام چوکوں، بازاروں اور مرکزی شاہراہوں پر موجود ڈرینز کو فوری طور پر ڈھکن لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی فوری نشاندہی کرکے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے فیلڈ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں محفوظ اور بہتر شہری ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں