غیر قانونی مویشی منڈیاں ، ٹریفک نظام متاثر

غیر قانونی مویشی منڈیاں ، ٹریفک نظام متاثر

میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ٹریفک پولیس فیصل آباد سمیت متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث صورتحال مزید بگڑ رہی ، شہری مشکلات کا شکار

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عید قربان قریب آتے ہی شہر کے مختلف علاقوں، مین شاہراہوں اور اہم چوک چوراہوں میں غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے ۔سمندری روڈ، ڈی ٹائپ پل، جھنگ روڈ، سمن آباد روڈ، علامہ اقبال کالونی روڈ، بکر منڈی روڈ، افغان آباد روڈ، اے بی سی روڈ، جی سی یونیورسٹی، جیل روڈ، سول لائنز، کینال روڈ، ستیانہ روڈ اور جڑانوالہ روڈ سمیت متعدد مقامات پر مویشی منڈیاں قائم ہیں۔ان منڈیوں کی وجہ سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنے لگا ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے سے شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عید کی خریداری کے بڑھتے ہوئے رش کے ساتھ یہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک متاثر ہو رہا ہے بلکہ حادثات کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ٹریفک پولیس فیصل آباد سمیت متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث صورتحال مزید بگڑ رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے فوری خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹریفک نظام بحال اور شہری مشکلات کم ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں