جڑانوالہ :ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم

 جڑانوالہ :ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم

ناقص منصوبہ بندی ،پورے شہر میں ایک ساتھ کھدائی شروع کر دی گئی دو طرفہ ٹریفک، موٹرسائیکلوں کی پارکنگ اور ریڑھی بانوںنے مسائل کوبڑھا دیا

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) جڑانوالہ میں جاری ترقیاتی کام شہریوں کیلئے وبالِ جان بن گئے ہیں، جہاں مختلف شاہراہوں پر بیک وقت کھدائی کے باعث ٹریفک نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے ۔تحصیل کچہری، فیصل آباد روڈ اور دیگر مصروف علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کے باعث پورے شہر میں ایک ساتھ کھدائی شروع کر دی گئی ہے ، جس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام مفلوج ہو گیا ہے بلکہ گرد و غبار کے باعث سانس، دمہ اور دیگر بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔سکولوں کے چھٹی کے اوقات میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ، جب ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے سڑکوں پر شدید رش دیکھنے میں آتا ہے۔

ایک ہی سڑک پر دو طرفہ ٹریفک، موٹرسائیکلوں کی بے ہنگم پارکنگ اور ریڑھی بانوں کی موجودگی نے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے ، جبکہ ٹریفک پلاننگ کا مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کام مرحلہ وار طریقے سے کیے جائیں، پہلے ایک سڑک یا علاقے میں کام مکمل کیا جائے اور پھر دوسرے حصے میں کھدائی شروع کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں