ڈی سلٹنگ مہم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو مانیٹرنگ کا حکم
آن لائن مانیٹرنگ کے حوالے سے مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ڈی سلٹنگ مہم کی خود مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیلڈ وزٹ کے دوران سیوریج لائنوں کی مارکنگ بھی لازمی طور پر کی جائے ۔آپریشنز اور ڈرینج ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں سیوریج لائنوں اور ڈرینج سسٹم کی ڈی سلٹنگ کی آن لائن مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، جس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واسا پنجاب کے ڈیش بورڈ کی مانیٹرنگ خود کریں کیونکہ کارکردگی کا مکمل جائزہ اسی سسٹم کے ذریعے لیا جائے گا۔ثاقب رضا نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فیلڈ میں خود جا کر ڈی سلٹنگ اور سیوریج لائنوں کی مارکنگ کا معائنہ کریں تاکہ کام کا معیار یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے آغاز سے قبل ڈی سلٹنگ مہم ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ برسات کے دوران نکاسی آب کے مسائل پیش نہ آئیں۔