کمشنر کا اچانک دورہ، ناقص صفائی پر ٹھیکیدار کو جرمانہ
ہسپتالوں میں صاف ستھرا ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے گا : مسرت جبیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں کمشنر مسرت جبیں نے نصرت فتح علی خان ہسپتال حسیب شہید کالونی کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔دورے کے دوران کمشنر نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں صاف ستھرا ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی چھٹی کی درخواست کی تصدیق کرانے کا بھی حکم دیا جبکہ ادویات کے سٹور میں دستیاب میڈیسن کا ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ایک خاتون کو میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ (MLC) کی دو روز سے عدم دستیابی پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر کو فوری مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔مسرت جبیں نے کہا کہ ہسپتالوں کو شکایات سے پاک بنانا ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے انسپکشنز کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔