جھنگ روڈ پر ٹریفک حادثہ،2سگے بھائی جاں بحق
ثقلین اور علی رضا عید منانے فیصل آباد جا رہے تھے کار نے ٹکر مار دی
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا ) تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقہ جھنگ روڈ سدھار بائی پاس کے قریب عید کے روز ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں نامعلوم تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں 30 سالہ ثقلین ولد نذیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 35 سالہ علی رضا ولد نذیر سکنہ 338 ج ب نواں لاہور شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔دونوں سگے بھائی عید منانے فیصل آباد جا رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئے ۔ دونوں کی میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔پولیس نے نامعلوم کار سوار کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔