کمالیہ میں گرین الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ

کمالیہ میں گرین الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ

اہم تاریخی اور تجارتی تحصیل کمالیہ کو تاحال اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے

کمالیہ (نمائندہ خصوصی)تحریک آوازِ کمالیہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمالیہ کو گرین الیکٹرک بس سروس سے محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر اس سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ پنجاب بھر میں ماحول دوست گرین ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے ، تاہم ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی اہم تاریخی اور تجارتی تحصیل کمالیہ کو تاحال اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے ، جبکہ ضلع کی دیگر تحصیلوں کے شہری جدید، آرام دہ اور کم خرچ الیکٹرک بسوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی ٹرانسپورٹ مالکان من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں، جبکہ گرین الیکٹرک بس سروس غریب اور متوسط طبقے کے لیے بڑا معاشی ریلیف ثابت ہو سکتی ہے ۔اجلاس میں کہا گیا کہ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہونے کے ساتھ محفوظ، ایئرکنڈیشنڈ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرتی ہیں، جبکہ کمالیہ کے بزرگ، خواتین، مزدور، ملازمین اور طلبہ شدید گرمی میں خستہ حال اور اوورلوڈ گاڑیوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں