غیر قانونی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، سامان برآمد
مبینہ طور پر سٹیرائیڈز اور دیگر مضر صحت اجزا استعمال کیے جا رہے تھے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ادویات تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مار کر مضر صحت ادویات برآمد کر لیں۔کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود کی نگرانی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سومیہ جمیل اور ڈرگ انسپکٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری بے نقاب کر دی۔کارروائی کے دوران ایسی ادویات برآمد ہوئیں جن میں مبینہ طور پر سٹیرائیڈز اور دیگر مضر صحت اجزا استعمال کیے جا رہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ادویات موٹاپے سمیت مختلف بیماریوں کے علاج کے نام پر تیار کی جا رہی تھیں، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں اور گردوں، جگر اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔