اسسٹنٹ کمشنر کا جناح پارک،اقبال بازار کے منصوبوں کا جائزہ
بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں :ارم شہزادی
کمالیہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسدالرحمن کے ہمراہ جناح پارک اور اقبال بازار میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر چیف آفیسر علی رضا اور متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے جاری ترقیاتی اور خوبصورتی کے کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ارم شہزادی نے ہدایت کی کہ تمام بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر، صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر کی خوبصورتی، صفائی اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔