ناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں سیل
اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے تحصیل بھر میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈائون کیا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)عوام کو ریلیف کی فراہمی اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایل پی جی دکانیں اور پٹرول پمپ سیل کر دیے ۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے پیرا فورس کے ہمراہ شہر اور تحصیل بھر میں گرانفروشوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران مختلف ایل پی جی مارکیٹس کا اچانک معائنہ کیا گیا، جہاں سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف پٹرول پمپوں کا بھی معائنہ کیا، جہاں پٹرول کی پیمائش اور دیگر قانونی ضوابط کا جائزہ لیا گیا۔ پیمائش میں کمی اور دیگر خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت متعدد پٹرول پمپ سیل کر کے ذمہ داران کو بھاری جرمانے کیے گئے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، گرانفروشی اور قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہے گا۔