جھنگ : کرپشن اور ناقص تفتیش پر متعدد اہلکاروں کو سزائیں
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے اردل روم میں شوکاز نوٹسز کی سماعت کی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے اردل روم میں شوکاز نوٹسز کی سماعت کے دوران ناقص تفتیش، کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور غفلت کے مرتکب متعدد پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف سزائیں سنا دیں۔ترجمان پولیس کے مطابق دو سب انسپکٹرز کو ناقص تفتیش، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر عہدے سے تنزلی کی سزا دی گئی، جبکہ تین اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور ناقص تفتیش پر ایک سال کی سروس ضبط کرنے اور تنخواہوں میں تخفیف کی سزا سنائی گئی۔اسی طرح چالان کی مد میں مبینہ کرپشن پر دو ٹریفک اسسٹنٹس کی ایک، ایک سال کی سروس ضبط کر لی گئی، جبکہ ایک ٹریفک اسسٹنٹ کو غیر حاضری پر جرمانہ کیا گیا۔
چار کانسٹیبلز کو مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر سے روابط، اختیارات سے تجاوز اور سائلین کو ہراساں کرنے پر ایک، ایک سال کی سروس ضبط کرنے اور تنخواہوں میں تخفیف کی سزا دی گئی۔فرنٹ ڈیسک پر تعینات تین اہلکاروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضری، غفلت اور لاپرواہی پر ایک، ایک سال کی سروس ضبط کرنے کی سزا سنائی گئی، جبکہ ناقص کارکردگی پر سات سب انسپکٹرز اور آٹھ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سنشور کیا گیا۔ مزید برآں پانچ سب انسپکٹرز اور ایک ہیڈ کانسٹیبل کو وارننگ دی گئی، جبکہ دو کانسٹیبلز کے شوکاز نوٹس فائل کر دیے گئے ۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا کہ ناقص تفتیش، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔