واسا کا بڑا فیصلہ، روڈ سائیڈ ڈرینز آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سپرد

 واسا کا بڑا فیصلہ، روڈ سائیڈ ڈرینز آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سپرد

متعلقہ مشینری اور عملہ بھی آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کیا جائے گا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر میں سیوریج مسائل کے پائیدار حل کے لیے اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے روڈ سائیڈ ڈرینز کے تمام امور ڈرینیج ڈائریکٹوریٹ سے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اس فیصلے کے تحت متعلقہ مشینری اور عملہ بھی آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کیا جائے گا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ آپریشن اینڈ مینٹی ننس (او اینڈ ایم) اور روڈ سائیڈ ڈرینز کے امور ایک ہی ڈائریکٹوریٹ کے تحت آنے سے سیوریج سے متعلق مسائل کو زیادہ مؤثر، جامع اور پائیدار انداز میں حل کیا جا سکے گا، کیونکہ روڈ سائیڈ ڈرینز براہ راست سیوریج لائنوں سے منسلک ہوتے ہیں۔

انہوں نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فرحان لطیف، ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈائریکٹر ڈرینیج کو ہدایت کی کہ وہ باہمی مشاورت سے مشینری اور عملے کی منتقلی کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ رواں مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ثاقب رضا نے واضح کیا کہ روڈ سائیڈ ڈرینز سے متعلق مشینری اور عملہ آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو منتقل ہونے کے بعد 31 اگست تک کسی قسم کے تبادلے نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے امین پور بازار، کالج روڈ سمن آباد اور اقبال سٹیڈیم کی سیوریج لائنوں کے منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پائپ لائن بچھانے کے بعد بیک فلنگ اور سڑکوں کی بحالی کا کام بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں